بھٹکل 22/اکتوبر (ایس او نیوز) جالی ٹاؤن میونسپل حدود سمیت بھٹکل کےدیگر علاقوں میں مویشیوں کی بڑھتی ہوئی چوری کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے پولس پر زور دیا ہے کہ وہ ایسے چوروں کے خلاف سخت کاروائی کرے اور انہیں فوری گرفتار کرے۔
تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کی چوری نے مقامی کسانوں اور مزدوروں کو شدید معاشی اور سماجی نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں لوگوں کے اندر خوف اور بے چینی پھیل گئی ہے۔
حال ہی میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں دیکھا گیا تھا کہ جالی علاقے میں بعض لوگ ماسک پہن کر اور اپنا چہرہ ڈھک کر ایک گائے کے بچھڑے کو چارہ کا لالچ دے کر قریب بلارہے ہیں پھر اسےاُٹھاکر ایک کار کے اندر ڈال کر فرار ہورہے ہیں۔ اس واقعے کے بعد ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے متاثرہ لوگوں کے ساتھ مضافاتی پولس تھانہ پہنچ کر پولس سے ان چوروں کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور پولس کی طرف سے کاروائی نہ ہونے کی صورت میں ہندو تنظیموں کے کارکنوں نے خود اپنے لوگوں کی ٹیم تیار کرکے ایسے چوروں کے خلاف کاروائی کرنے کا انتباہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کی چوری کے مسلسل واقعات پیش آرہے ہیں ، لیکن پولس کسی بھی طرح کی کاروائی نہیں کررہی ہے، جس کی وجہ سے عوام میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ہندو تنظیموں کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ ان جانوروں کو ہی ذبح کرنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے اور مقامی لوگ چوری کئے ہوئے جانوروں کے گوشت کھارہے ہیں۔
تنظیم کی طرف سے جاری کی گئی پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام میں چوری شدہ جانوروں کا گوشت کھانا حرام ہے کیونکہ یہ نہ صرف ایک ناجائز فعل ہے بلکہ اس سے دوسروں کی حق تلفی ہوتی ہے اور معاشرتی انصاف کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔ عبدالرقیب ندوی نے پریس ریلیز میں اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں امن و انصاف کے قیام کے لیے فوری قانونی اقدامات کیے جائیں اور اس قسم کی چوری کی واردات پر قابو پایا جائے۔